اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تشویش ناک اضافہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پاکستان میں معمولی سی غفلت اور لاپرواہی کے سبب ہونے والے ٹریفک حادثات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ٹریفک حادثات کی شرح بڑھتی جا رہی ہے، معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث قیمتی جانوں کا نقصان ہو جاتا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ ساڑھے تیرہ لاکھ افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جب کہ پانچ کروڑ لوگ زخمی یا پھر عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں۔

تشویش ناک صورت حال یہ ہے کہ ان حادثات میں 90 فی صد پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک میں رونما ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے ٹریفک حادثے میں جاں بحق

پاکستان میں ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والوں کی بڑی تعداد 15 سے 30 سال کے درمیان ہے، اور ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جان کھو دیتے ہیں۔

پنجاب ایمرجنسی سروس کے اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں گزشتہ پانچ سالوں میں 10 لاکھ 88992 ٹریفک حادثات ہوئے۔ جس سے 13 لاکھ 1107 افراد متاثر ہوئے، ان ٹریفک حادثات میں 14 ہزار 795 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ لاکھوں کی تعداد میں متاثرین زندگی بھرکے لیے اپاہج ہو گئے۔

ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی اموات میں سے ساتویں بڑی وجہ ٹریفک حادثات ہی ہیں۔

ٹریفک حادثات کی وجوہ کا جائزہ لیا جائے تو اب تک ساڑھے چار لاکھ سے زائد ٹریفک حادثات تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آئے، ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ کا استعمال، کم رفتار اور معمولی احتیاط اپنی اور دوسروں کی جان بچا سکتی ہے، کیوں کہ دیر سے پہنچنا نہ پہنچنے سے بہتر ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں