کراچی: شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں پے در پے اموات کے بعد روڈ سیفٹی کمیٹی نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر ایکشن لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں صوبائی وزیر شرجیل میمن کی ہدایت پر روڈ سیفٹی کمیٹی ایکشن میں آ گئی ہے، اوور لوڈنگ، اوور اسپیڈنگ اور غیر معیاری کمرشل گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔
کریک ڈاؤن کے دوران 33 گاڑیوں کی جانچ کی گئی، 20 کا چالان کیا گیا، اور 4 گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں، مجموعی طور پر خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز پر ایک لاکھ سے زائد جرمانہ کیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا ہے کہ شہر میں اوور لوڈنگ، اوور اسپیڈنگ یا ان فٹ گاڑیوں کو سڑکوں پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ادھر چیف سیکریٹری سندھ نے شہر میں بڑھتے ٹریفک حادثات پر اعلیٰ سطح کا اجلاس 10 فروری کو طلب کر لیا ہے، اجلاس میں آئی جی سندھ، کمشنر کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر حکام شریک ہوں گے، ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں ہیوی ٹریفک ریگولیٹ کرنے کے اقدامات زیر غور آئیں گے، چیف سیکریٹری نے کہا کہ شہر میں حادثات کی روک تھام کے لیے ٹریفک پولیس کی نفری بڑھائی جائے گی۔
کراچی : ایک اور خونی ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل دیا
واضح رہے کہ کراچی میں بے قابو خونی ڈمپر لوگوں کی جانوں سے کھیلنے لگے ہیں، گزشتہ رات شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک اور تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار بھائی جاں بحق اور اس کی بہن شدید زخمی ہو گئی۔