کراچی : ترقیاتی کاموں کے باعث سیوریج لائن پھٹنے سے شہر کی مختلف سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، جس کے باعث شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کی مختلف شاہراہوں پر ترقیاتی کام کے باعث جمعرات کی صبح سیورج کی پائپ لائن پھٹ گئی جس سے سڑک زیر آب آگئی اور پوری شاہراہ پر ٹریفک جام ہوگیا جس نے شہریوں کے منٹوں کے سفر کو گھنٹوں میں تبدیل کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پائپ لائن پھٹنے کے باعث جیل چورنگی سے مزار قائد جانیوالی سڑک پر سیوریج کا پانی جمع ہوگیا جس کے باعث جیل چورنگی کے قریب سڑک پر گڑھا پڑھ گیا اور شاہراہ تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔
ذرائع کے مطابق سڑکوں پر سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث کشمیر روڈ جانے والی سڑک پر بھی ٹریفک کے دباؤ میں شدید اضافہ ہوگیا، شہریوں کےلیے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے والے ٹریفک اہلکاروں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ ’جلد بازی نہ کریں ورنہ پھسل جائیں گے‘۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل چورنگی، سبزی منڈی، نیپا، گلستان جوہر، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، لائنز ایریا بھی پانی جمع ہونے کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہے۔
مزید پڑھیں : بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی بھی معطل
پائپ لائن پھٹنے کا پہلا واقعہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر پیش آیا جب اچانک بجلی چلے جانے کے باعث 72 انچ قطر کی پائپ لائن نمبر پانچ دباؤ برداشت نہ کرسکی اور پانی کے دباؤ سے پھٹ گئی تھی۔؎
پائپ لائن کی درستگی کے واٹر بورڈ کا عملہ اور ہیوی مشینری روانہ کردی کی گئی تھی تاہم تب تک ہزاروں گیلن پانی سڑک پر بہہ چکا تھا۔