کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج 8 محرم الحرام کا جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پہنچے گا، شہر میں نقل و حرکت کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 8، 9 اور 10 محرم الحرام کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔
8 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے دن ڈیڑھ بجے برآمد ہوگا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پہنچے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو سولجر بازار سے نشتر روڈ کی جانب موڑا جائے گا، ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے گارڈن موڑا جائے گا جبکہ لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو جیل روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو گرو مندر سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی صرف اسٹیکرز والی گاڑیاں ہی گرو مندر سے آگے جا سکیں گی۔