اشتہار

ٹریفک پولیس شہریوں کو ہراساں نہ کرے، سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے ٹریفک پولیس کو متنبہ کیا ہے کہ شہریوں کو گاڑیوں کی نمبر پلیٹ سے متعلق ہراساں نہ کیا جائے، عدالت نے ایکسائز حکام کو فوری طور پر نمبر پلیٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے شہریوں کو گاڑیوں کے نمبر جاری نہ کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے کی، درخواست گزار کا موقف تھا کہ دو سال سے نئی گاڑیوں کو نمبر پلیٹ جاری نہیں کی جارہیں، محکمہ ایکسائز نمبر پلیٹ نہیں دے رہا اور دوسری جانب ٹریفک پولیس ہراساں کر رہی ہے۔

- Advertisement -

سماعت کے دوران جسٹس محمد علی مظہر نے محکمہ ایکسائز حکام سے استفسار کیا کہ آپ شہریوں کو نمبر پلیٹ دے نہیں رہے اور الٹا آپ ان کو روک رہے ہیں، کیا اب عوام کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی؟

جس پر ایکسائز حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں کو گاڑیوں کی نمبر پلیٹ جاری کرنا شروع کر دیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کو شہریوں کو نمبر پلیٹ سے متعلق ہراساں کرنے سے روک دیا گیا، جن کے پاس نمبر پلیٹ کی جگہ سرٹیفکیٹ ہے انہیں ہراساں نہ کیا جائے۔

عدالت سندھ ہائی کورٹ کا ایکسائز حکام کو شہریوں کو فوری نمبر پلیٹ جاری کرنے کا حکم دیا، جج کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر کیا کر رہے ہیں؟

جواب میں نمائندہ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ہم صرف فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو روک رہے ہیں، نمبر پلیٹس کے اجرا کا کام شروع کردیا گیا ہے، 7 ہزار نمبر پلیٹ بن رہی ہیں، عدالت نے کہا کہ سات ہزار نمبر پلیٹس سے کیا ہوگا آپ گزشتہ دو سال سے نمبر پلیٹ جاری نہیں کر رہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شہر میں دو سے3 لاکھ گاڑیاں بغیر نمبر پلیٹ کے چل رہی ہیں، عدالت کا کہنا تھا کہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے باوجود گاڑیوں کو کیوں روک رہے ہیں؟ جس پر سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک نے پولیس آفیشلز کو نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں