کراچی: ڈی آئی جی موٹر وے پولیس ساؤتھ زون نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی ویز پر زیادہ وزن لادنے والی گاڑیوں پر بھاری جرمانہ عاید کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی موٹر وے پولیس ساؤتھ زون نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ یکم جون سے بھاری گاڑیاں ہائی وے سیفٹی آرڈیننس کے تحت وزن لادیں۔
یہ اعلامیہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے لیے جاری کیا گیا ہے، جس میں ڈی آئی جی نے کہا کہ مقررہ وزن لادنے والی گاڑیاں ہی صرف ایم نائن اور ہائی ویز پر لائی جائیں۔
انھوں نے کہا کہ اوورلوڈنگ اور شیڈول سے زیادہ وزن پر بھاری جرمانہ عاید کیا جائے گا، جرمانے کی ادائیگی کے بعد گاڑی کو واپس بھی کرایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تشویش ناک اضافہ
ڈی آئی جی موٹر وے پولیس نے کہا کہ اوورلوڈنگ کی وجہ سے سڑکوں کو نقصان پہنچتا ہے اور حادثات ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ شہر قائد کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کے داخلے کے لیے اوقات بھی مقرر کیے جا چکے ہیں تاہم اس کی تعمیل دیکھنے میں نہیں آ رہی ہے اور آئے دن بڑے اور ہیوی ٹرالرز کی وجہ سے مخصوص سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہو جاتا ہے۔
کراچی کی متعدد سڑکیں ہیوی ٹریفک کی وجہ سے جگہ جگہ دھنسی اور ٹوٹی ہوئی نظر آتی ہیں تاہم ٹریفک پولیس تا حال اس مسئلے کو حل نہیں کر سکی ہے۔