کراچی : ملیر مرغی خانہ کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والا موٹر سائیکل سوار متوفی عامر پیدائشی طور پر گونگا اور بہرا تھا، متوفی کی چند ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔
حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے رشتہ دار عبدالرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے ساجد میرے ماموں ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والا عامر میرا کزن ہے۔
عبدالرحمان نے بتایا کہ عامر ساجد کا بہنوئی تھا، ہم دو موٹر سائیکلوں پر ایک کزن کو کینٹ اسٹیشن چھوڑ کر واپس قائد آباد جا رہے تھے۔
مرغی خانے کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے عامر اور ساجد کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں عامر جاں بحق اور ساجد شدید زخمی ہوگیا۔
کزن عبدالرحمان نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والا عامر پیدائشی طور پر گونگا بہرا تھا، اس نے چند ماہ قبل ہی پسند کی شادی کی تھی، متوفی سرکاری اسپیشل ایجوکیشن میں ملازم تھا۔
کزن نے بتایا کہ زخمی ہونے والا ساجد شادی شدہ ایک بچے کا باپ ہے، ہم مدینہ کالونی قائد آباد کے رہائشی ہیں، ہمارا آبائی تعلق خیر پور میرس سے ہے، متوفی عامر کی تدفین بھی خیرپور میرس میں کی جائیگی۔
واضح رہے کہ شہر قائد کراچی میں صرف دو ماہ میں مختلف ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 118 ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں : ٹریلر کی ٹکر سے ایک اور شہری جان سے گیا
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر مرغی خانہ کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک عامر نامی شخص جاں بحق اور ساجد زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔