کراچی: شہر قائد میں ٹریلر نے مزید 2 نوجوانوں کو کچل کر مار ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں شہریوں کے ہیوی گاڑیوں کا نشانہ بن کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے کے واقعات تسلسل سے جاری ہیں، اگرچہ گزشتہ شب نارتھ کراچی کے واقعے کے بعد 11 ہیوی گاڑیاں اور واٹر ٹینکر جلا دیے گئے ہیں، تاہم دو مزید واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
کورنگی ویٹا چورنگی پر ٹریلر کی ٹکر سے عدنان نامی شہری جاں بحق ہو گیا ہے، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے، حادثے کے بعد شہریوں نے ٹریلر کے شیشے توڑ ڈالے، معلوم ہوا ہے کہ مرحوم عدنان نجی کمپنی میں سیکیورٹی سپروائزر تھا۔
دوسرے واقعہ مانسہرہ کالونی لانڈھی میں پیش آیا، جس میں ایک ٹریلر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 25 سال کا مسعود خان جاں بحق ہو گیا، پولیس نے اس واقعے میں بھی ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
نارتھ کراچی حادثہ : مشتعل افراد نے 10 ٹرک اور ڈمپروں کو جلا دیا
واضح رہے کہ کراچی میں رات گئے مشتعل افراد نے 5 ڈمپرز سمیت 11 گاڑیوں کو آگ لگا دی ہے، نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گیا تھا، پولیس کے مطابق ڈمپر ڈرائیور ناگن چورنگی سے مختلف گاڑیوں کو ٹکریں مارتا ہوا آ رہا تھا، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے پاور ہاؤس کے قریب پانچ ڈمپروں کو آگ لگائی۔
مدیحہ اسٹاپ پر پانی کے 3 ٹینکروں اور ٹرک کو بھی آگ لگائی گئی، سرجانی ٹاؤن بابا موڑ پر بھی ٹینکر نذر آتش کیا گیا، مشتعل افراد نے ڈمپر مافیا کے خلاف احتجاج بھی کیا، جسے پولیس نے منتشر کر دیا، دوسری طرف گاڑیاں جلائے جانے پر ڈمپر مالکان نے بھی احتجاج کیا، جسے پولیس سے مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔