الاماراتی ٹرین نیٹ ورک اتحاد ریل نے متحدہ عرب امارات کی تمام ساتوں ریاستوں کو ملانے کے لیے ٹرین سروس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنہ 2026 میں مسافر سروس شروع کردی جائے گی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دبئی کی مشہور میٹرو سروس کے برعکس، جو صرف دبئی کے مختلف علاقوں کے درمیان چلتی ہے، اتحاد ریل پورے ملک کو جوڑے گی اور سعودی عرب اور عمان جیسے ہمسایہ ممالک کو بھی جوڑ دے گی۔
رپورٹس کے مطابق اماراتی حکام کے مطابق، اتحاد ٹرین متحدہ عرب امارات میں تیز، آرام دہ اور سستی سفر کی سہولت فراہم کرے گا۔
یو اے ای میں رہنے والے افراد کے لیے یہ ریل نیٹ ورک امارات کے مختلف علاقوں تک آسان رسائی اور خلیجی ممالک کے درمیان بغیر کسی مشکل کے سفر کے مواقع فراہم کرے گی۔
دبئی میں اتحار ٹرین کا مرکزی اسٹیشن دبئی پروڈکشن سٹی میں واقع جمیرا گالف اسٹیٹس کے قریب متوقع ہے، جو کہ اہم شاہراہوں اور رہائشی کمیونٹیز تک آسان رسائی کا ذریعہ ہوگا۔
دوسری جانب ابوظبی میں متحدہ عرب امارات اور امریکا نے 5 گیگاواٹ صلاحیت کے آرٹیفیشل انٹلیجنس (AI) کیمپس کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔ یہ منصوبہ ’امریکا- امارات آرٹیفیشل انٹلیجنس ایکسیلیریشن پارٹنرشپ‘ کے تحت قائم کیا گیا ہے۔
امریکی صدر کے دورہ مشرق وسطیٰ کے آخری مرحلے میں متحدہ عرب امارات میں آرٹیفیشل انٹلیجنس سینٹر کی شراکت داری کا آغاز ہوا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید کی ابوظبی کے شاہی محل قصر الوطن میں موجودگی کے موقع پر آرٹیفیشل انٹلیجنس سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا گیا جس کے لیے امریکا اور اماراتی حکام مسلسل کئی سالوں سے کوششوں میں مصروف تھے۔
امریکی صدر کا ایپل کمپنی کو بھارت سے نکلنے کا مشورہ
رپورٹس کے مطابق 5 گیگاواٹ بجلی کی گنجائش ایک بہت بڑی مقدار ہے، جس سے کیمپس کی وسعت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ اس سینٹر میں جدید ترین کمپیوٹرز اور سرورز شامل ہوں گے جو آرٹیفیشل انٹلیجنس کے پیچیدہ کاموں کے لیے استعمال ہوں گے، سینٹر میں انتہائی بڑے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جاسکے گا۔