کراچی: پروفیسر جان فنگ کا کہنا ہے کہ ٹرانسپلانٹ کے بعد مریض کو مختلف انفیکشنز سے موت کا خطرہ لاحق ہوتا ہے، تاہم اب جدید ٹیکنالوجی سے اس خطرے کو کم کیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں پیوندکاری کے لیے اعضا عطیہ کرنے کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی کے زیر اہتمام پہلی بین الاقوامی ٹرانسپلانٹیشن کانفرنس کا آج آغاز ہو گیا ہے۔
کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے پروفیسر جان فنگ نے کہا بعد از ٹرانسپلانٹ مختلف انفیکشنز سے مریض کو موت کا خطرہ ہوتا ہے، تاہم اب جدید ٹیکنالوجی اور دواؤں کے ذریعے انفیکشنز کے خطرات کو کم کیا جا رہا ہے۔
کراچی کے اسپتال میں ماہرین کا جگر کی پیوندکاری کا حیران کن لائیو آپریشن، ویڈیو دیکھیں
انھوں نے بتایا پوسٹ ٹرانسپلانٹ پیچیدگیوں پر قابو پا کر انسانوں کی زندگیاں محفوظ بنائی جا رہی ہیں، پروفیسر فنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پیوندکاری کے لیے اعضا عطیہ کرنے کی حوصلہ افزائی میں ڈاؤ یونیورسٹی کی کانفرنس کا اہم کردار ہے۔
کانفرنس سے خطاب میں پروفیسر پال گراسی نے کہا کہ پوسٹ ٹرانسپلانٹ انفیکشنز سے مریضوں کو بچانا ایک بہت بڑا چیلنج ہے، پیوندکاری کے بعد کی پیچیدگیوں کا سب سے بڑا سبب وائرل انفیکشنز ہیں۔
شفا انٹرنیشنل اسلام آباد کے ڈاکٹر محمد ایاز کا کہنا تھا کہ ٹرانسپلانٹیشن کانفرنس سے پاکستان میں ہونے والے ٹرانسپلانٹس میں مزید بہتری آ جائے گی۔