ریاض: سعودی حکومت کی اسمارٹ فون ایپ ابشر پر بیرون ملک سفر کے لیے اجازت نامے حاصل کرنے کی وضاحت کردی گئی۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ مستثنیٰ زمروں میں شامل افراد سفری اجازت نامے کس طرح حاصل کریں، سعودی حکومت کرونا وائرس کے باعث مقامی شہریوں کے بیرون مملکت سفر پر پابندی عائد کیے ہوئے ہے۔
اس کے لیے ابشر پلیٹ فارم نے سفری اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے طریقہ کار جاری کیا ہے، درخواست ابشر پلیٹ فارم کے سوا کسی اور ذریعے سے نہیں دی جاسکے گی۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مستثنیٰ زمرے میں شامل سعودی شہری سفری اجازت نامے کے لیے کسی کو ثالث کے طور پر استعمال کریں اور نہ کوئی شخص ثالث بن کر سفری اجازت نامے کی کارروائی میں حصہ لے۔
بعض لوگ غیر قانونی طریقے سے اجازت ناموں کے اجرا کے بہانے مقامی شہریوں کو دھوکہ دے رہے ہیں ان سے ہوشیار رہا جائے۔
ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی ثالث کی خدمات کسی بھی صورت میں نہ لی جائیں۔
اگر کوئی شخص سفری اجازت نامہ نکلوانے کے لیے اپنی خدمات پیش کرے تو پہلی فرصت میں اس کو رپورٹ کر دیا جائے، اجازت نامے کی کارروائی صرف آن لائن ہو رہی ہے کسی اور ذریعے سے نہیں۔