آسٹریلوی جارح مزاج بیٹر ٹریوس ہیڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں بھارتی بولرز کے خلاف لاٹھی چارج کرتے ہوئے نیا ورلڈک ریکارڈ قائم کردیا۔
بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ٹریوس ہیڈ کی بہترین بیٹنگ کے باعث آسٹریلیا کی میچ میں پوزین کافی مضبوط ہوگئی ہے، ڈے اینڈ نائٹ پنک بال ٹیسٹ میں کینگرو بیٹر نے تیز ترین سنچری بنانے کا اپنا ہی پرانا ورلڈ ریکارڈ توڑا۔
انھوں نے بارڈر گواسکر ٹرافی میں ہونے والے پنک بال ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن 111 بالز پر تیز ترین سنچری اسکور کی۔
بھارت کے خلاف ٹریوس ہیڈ نے گراؤنڈ کے چاروں جانب جارحانہ اسٹروکس کھیلے، انھوں نے 141 بالز پر 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی دلکش اننگز میں 4 چھکے اور 17 چوکے شامل تھی، ان کی اننگزکا خاتمہ محمد سراج نے کیا۔
ٹریوس نے اس سے قبل پنک بال ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں ہوبارٹ میں انگلینڈ کے خلاف 2022 میں تیزترین سنچری اسکور کی تھی، جس میں انھوں نے تھری فیگرز تک پہنچے کے لیے 112 بالز کھیلی تھی۔
خیال رہے کہ ایڈیلیڈ میں ہونے والے ٹیسٹ میں ٹریوس ہیڈ کی سنچری اور مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ کے باعث آسٹریلیا کمانڈنگ پوزیشن میں آگیا ہے، بھارت کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے اب بھی 29 رنز کی ضروت ہے اور 5 وکٹیں باقی ہیں۔