کراچی: شہر قائد کے علاقے مائی کلاچی میں مال گاڑی اور آئل ٹینکر سے ٹکرانے والے تیز رفتار ٹرالر کا ڈرائیور گرفتار نہ ہو سکا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مائی کلاچی پھاٹک پر مال گاڑی اور ٹریلر میں ٹکر کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں ڈاکس تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی آر میں ٹرالر کے ڈرائیور کو قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔
جمعہ کو نیٹی جیٹی پل سے آنے والا تیز رفتار ٹرالر مال گاڑی سے ٹکرایا تھا، ٹرالر مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے بھی ٹکرایا، ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹرالر کی ٹکر سے پاکستان ریلوے کے انجن کو نقصان پہنچا ہے۔
حادثے میں آئل ٹینکر کا ڈرائیور عبد الستار شدید زخمی ہوا، جب کہ ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
دن میں ہیوی ٹریفک برقرار، قذافی برج کے اوپر لوڈ ٹرالر الٹ گیا
کراچی میں دن کے اوقات میں بھی ہیوی ٹریفک کا سڑکوں پر راج برقرار ہے، آج صبح 8 بجے یونس چورنگی سے منزل پمپ قذافی برج کے اوپر ایک کنٹینر لوڈ ٹرالر الٹ گیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ہے۔
یکم جنوری سے اب تک سال رواں میں کراچی میں قاتلوں کی طرح دندناتے ڈمپروں، ٹینکروں، ٹرکوں اور بسوں نے 100 سے زیادہ شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے، جب کہ درجنوں زخمی اور کئی زندگی بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔
بدمست ٹینکروں کو قابو کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے دن کے اوقات میں شہر میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے لیکن حادثات نہیں رک سکے ہیں۔