لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے غداری کے مقدمے میں ن لیگی رہنما کیپٹن(ر)صفدر کی 10 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور گوجرانوالہ کی مقامی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر)صفدر کی غداری مقدمے میں حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی ، جسٹس اسجد جاوید نے درخواست پر سماعت کی ۔
کیپٹن(ر)صفدر نے کہاکہ مقدمہ سیاسی انتقامی کارروائی ہے ،شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں، عدالت نے کیپٹن(ر)صفدر کی 10اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے گوجرانوالہ کی مقامی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی اور کیپٹن (ر)صفدر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ کیپٹن (ر)صفدر کیخلاف گوجرانوالہ پولیس نے غداری کامقدمہ درج کر رکھا ہے ، ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے شہریوں کو حکومت کے خلاف بغاوت پر اکسایا۔
خیال رہے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے رکن صوبائی اسمبلی عمران خالد بٹ کی رہائش گاہ پر جمعے کے روز کارکنان سے مٹینگ کی تھی ، جس میں لیگی رہنما اور ایم پی اے نے کارکنان سمیت شہریوں کو حکومت کے خلاف اکسایا اور ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی کرتے ہوئے دھمکی آمیز الفاظ کا استعمال کئے تھے۔