ذیابیطس (شوگر) ایک ایسا مرض ہے جو انسان کو دیمک کی طرح خاموشی سے چاٹ جاتا ہے، اس پر اگر بروقت قابو نہ پایا جائے تو مریض کو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ذیابیطس کا یہ مرض متاثرہ شخص کو بینائی سے محرومی سے لے کر گردوں کے فیل ہونے اور دیگر لاتعداد طبی مسائل کا سبب بنتا ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ اس کو بڑھنے نہ دیا جائے۔
اس حوالے سے اے آر وائی زندگی کے پروگرام میں ڈاکٹر عیسیٰ نے ایک ذیابیطس سے متاثرہ مریضہ کو ایک نسخہ تجویز کیا جو بنانے میں نہایت آسان اور سستا بھی ہے جس کے تمام اجزاء تقریباً ہر گھر کے باورچی خانے میں موجود ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر عیسیٰ نے بتایا کہ ذیابیطس کا مریض چاہے کوئی سی بھی دوا استعمنال کررہا ہو اسے نہ چھوڑے بلکہ ساتھ ساتھ اس نسخے پر بھی عمل کرے جس سے قوی امکان ہے کہ افاقہ ہوگا۔
نسخے کے اجزاء :
دار چینی
تخم بالنگا
میتھی دانہ
زیرہ
ترکیب :
ان چاروں چیزوں کو ہم وزن لے کر پیس لیں اور اس کا سفوف ایک جار میں رکھ لیں، اس کے بعد چار گلاس نیم گرم پانی ایک جگ میں ڈالیں اور دو چمچ سفوف اس میں شامل کریں اور ساری رات کیلیے چھوڑ دیں۔
ڈاکٹر عیسیٰ نے بتایا کہ اگلی صبح سے شام تک اس پانی کو استعمال کریں اور اپنی شوگر کو چیک کرتی رہیں آپ کو معلوم ہوگا کہ شوگر کے لیول میں کس حد تک کمی آرہی ہے۔