لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری کر دیا۔
پی سی بی کے مطابق کرکٹ بورڈ نے آج پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی، جس کے ابتدائی 2 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم اپنی نئی شکل کے ساتھ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے میچوں کی میزبانی کرے گا، جب کہ اپ گریڈ نیشنل بینک اسٹیڈیم پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ کےعلاوہ فائنل بھی منعقد کرے گا۔
شیڈول کے مطابق پہلا میچ 8 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا، دوسرا میچ 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، نیشنل اسٹیڈیم 12 فروری کو پاکستان جنوبی افریقہ کے علاوہ 14 فروری کو فائنل کی میزبانی بھی کرے گا۔
قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھا دی گئی ہے، جہاں نشریاتی معیار کو بڑھانے کے لیے 480 جدید ترین ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، اور 2 بڑی ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز بھی نصب کی گئی ہیں۔
کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے نیا ہاسپٹلیٹی انکلوژر تکمیل کے قریب ہے، نیشنل بینک اسٹیڈیم میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے نیا ہاسپٹلیٹی انکلوژر تعمیر کیا گیا ہے، جب کہ براڈ کاسٹ کوریج کو بہتر بنانے کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں۔