سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
تین ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اسی میدان میں 19 فروری کو چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ بھی پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس تناظر میں تجزیہ کار اس میچ کو دونوں ٹیموں کیلیے اہم اور چیمپئنز ٹرافی سے قبل وارم اپ میچ بھی قرار دے رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ جہاں اس سیریز میں بھرپور فارم میں نظر آئی ہے اور لیگ میچ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کو زیر کرکے فائنل میں پہنچی۔ وہیں میزبان گرین شرٹس نے پروٹیز کے دیے گئے 353 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کو عبور کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں نے اب تک 117 میچز کھیل رکھے ہیں۔ ان میں 61 میں پاکستان جب کہ 52 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی سمیٹی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کی جیت کا تناسب برابر ہے اور چار، چار میچز جیت رکھے ہیں۔
فائنل میچ سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کپتانوں نے ٹرائی نیشن سیریز کی ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور تبادلہ خیال کیا۔
View this post on Instagram
گزشتہ میچ کی طرح فائنل میچ بھی ہائی اسکورنگ ہونے کا قومی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم اپنے وننگ کمبینیشن کے ساتھ ہی میدان میں اترے گی۔
فائنل میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا اور اے اسپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔