اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قبائلی عوام کی قربانیاں سراہتے ہیں، نقیب اللہ محسود کے نام پر وزیرستان میں کالج تعمیر کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے محسود اور وزیر قبائل کے جرگہ رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر کہی، وزیر اعظم ہاؤس میں محسود اور وزیر قبائل کے جرگے نے شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گورنر کےپی کے، وزیرمملکت کیڈ، انجینئر امیرمقام بھی موجود تھے، اراکین نے نقیب اللہ محسود کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ نقیب اللہ کے کیس میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ نقیب اللہ محسود کے نام پروزیرستان میں کالج تعمیر کیا جائے گا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قبائلی عوام کی قربانیاں سراہتے ہیں، پوری قوم قبائلی علاقوں کے عوام کی قربانیوں کو قدر سے دیکھتی ہے۔
ملاقات میں جرگے نے وزیراعظم کو وزیرستان میں قبائل کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا، جس پر وزیر اعظم نے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے علاوہ نقیب اللہ قتل میں ملوث قاتلوں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔
جرگے کے اراکین نے مسائل کےحل کی یقین دہانی اور ملاقات کرنے پر وزیراعظم سےاظہارتشکر کیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔