پیر, جون 17, 2024
اشتہار

’طلعت حسین کی جگہ کوئی اور نہیں لے سکتا‘، ساتھی فنکاروں کا خراج عقیدت

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان فلم، ٹی وی، اسٹیج اور ریڈیو کے نامور اداکار وصداکار طلعت حسین کی موت شوبز انڈسٹری کو اداس کر گئی ان کے ساتھی فنکاروں نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

دنیا بھر میں اپنے مکالمہ نگاری اور اداکاری سے دھاک بٹھانے والے پاکستان کے لیجنڈری اداکار وصداکار طلعت حسین طویل علالت کے بعد آج صبح کراچی کے مقامی اسپتال میں انتقال کر گئے۔

طلعت حسین کی اداکاری نے نہ صرف ان کے مداحوں کو اداس کر دیا بلکہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ ان کے ساتھی اداکار بھی غم سے نڈھال ہوگئے اور انہیں بہترین الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

- Advertisement -

سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری جو اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شدت جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کی آواز گلوگیر ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ طلعت حسین باکمال اداکار اور بڑی شخصیت تھے۔ میرے لکھے ڈرامے انہوں نے پڑھے جس پر مجھے فخر ہے۔ وہ انتہائی مہذب شخصیت تھے جنہوں نے کبھی اپنے منہ سے کوئی بے جا لفظ نہیں نکالا۔

Roznama Dunya: لیجنڈری اداکار طلعت حسین کے انتقال پر فنکار برادری اور  پرستار غمزدہ

فلم اور ٹی وی کے اداکار جاوید شیخ نے طلعت حسین کے انتقال کو شوبز انڈسٹری کا بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہت نفیس آدمی تھے، جن سے بہت کچھ سیکھا۔ ان کی بیماری کے دوران ان سے ملنے کے لیے جانے کا ارادہ تھا لیکن افسوسناک اب یہ حسرت ہی رہے گی۔

سینیئر اداکار بہروز سبزواری نے کہا کہ طلعت حسین کی پہچان ان کی آواز تھی۔ وہ تھیٹر ڈائریکٹر اور ایکٹر بھی تھے۔

اداکار عثمان پیرزادہ نے کہا کہ طلعب حسین میرے خاندان کا حصہ تھے جن کے انتقال پر بہت افسوس ہے لیکن وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ طلعت حسین اس پائے کے فنکار تھے کہ اب ان کی جگہ کوئی اور نہیں لے سکتا۔

اداکار سہیل احمد نے کہا کہ طلعت حسین کی وفات سے ہونے والا نقصان کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی کبھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان جیسا فنکار آئندہ کبھی ملتا نظر نہیں آ رہا۔

اداکار راجو جمیل نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے طلعت حسین کے ساتھ بہت کام کیا۔ وہ میرے والد کے چہیتے تھے۔

پی ٹی وی کے جنرل منیجر امجد حسین شاہ نے کہا کہ طلعت حسین نے ٹی وی، ریڈیو اور تھیٹر پر بہت کام کیا۔ میں خوش قسمت ہوں کہ ان کے ساتھ کام کا موقع ملا۔ وہ اس مزاج کے تھے کہ چاہے جتنی طبیعت خراب ہو، کام سے منع نہیں کرتے تھے۔

معروف اداکار طلعت حسین کراچی میں انتقال کر گئے

دیگر فنکاروں کا طلعت حسین کے انتقال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اداکاری اور صداکاری کا ایک عہد تمام ہوا۔ وہ ایک حقیقی استاد تھے، جن  کے انتقال سے فنون لطیفہ عظیم فنکار سے محروم ہوگئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں