جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

کیار کے بعد نئے طوفان ٹراپیکل سائیکلون ماہا کا رخ عمان کی جانب ہوگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سپر سائیکلون کیار کے بعد بحیرہ عرب میں اٹھنے والے نئے طوفان ٹراپیکل سائیکلون ماہا کا رخ عمان کی جانب ہے جبکہ مذکورہ طوفان کراچی سے998کلومیٹر دور ہے۔

تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود شدید ٹراپیکل سائیکلون ماہا شدت اختیار کرگیا، تاہم ابتدائی طور اس کا رخ شمال مغرب کی جانب ہے اور کراچی سے 998 کلومیٹر دور ہے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نئے بننے والے سمندری طوفان ’’ماہا‘‘ کا رخ عمان کی جانب ہے، آنے والے دنوں میں طوفان مزید شدت اختیار کرے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین دنوں میں طوفان کارخ بھارتی گجرات شمال اور ایسٹ کی جانب ہو جائے گا، تاہم طوفان ماہا سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

دوسری جانب سائیکلون کیار سمندر برد ہوچکا ہے، سائیکلونک اسٹارم کیار کیٹگری 0 میں آچکا ہے، سمندری طوفان کیار نے خلیج عدن کی جانب صومالیہ کے ساحل سے ٹکرا کر دم توڑ دیا تھا۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے دو روز کے دوران سندھ کے زیریں اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے اور ماہی گیر اب بھی کھلے سمندر میں نہیں جاسکتے۔

خیال رہے کہ گوادر کی ساحلی بستی میں بے قابو سمندری لہروں نے تباہی مچا دی تھی، بستی میں سمندر کی بے قابو لہروں نے داخل ہوکر درجنوں گھروں کو ڈبو دیا تھا۔

اس حوالے سے ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے عملے نے کیٹی بندر اور شاہ بندر کے نواحی علاقوں میں ریسکیو آپریشن کیا اور سمندری طوفان سے متاثرہ علاقے میں لوگوں کی مدد کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں