ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ وامیگریشن(جوازات) نے اُس غیرملکی کو پریشانی کا حل بتا دیا جو اپنے اہل خانہ کو خروج وعودہ(ایگزٹ ری انٹری ویزا) پر بھیجنے کے بعد پریشانی کا شکار ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک غیرملکی نے جوازات سے استفسار کیا تھا کہ میرے اہل خانہ خروج وعودہ پر مملکت سے باہر گئے ہوئے ہیں اور اب میں اپنا خروج ونہائی(فائنل ایگزٹ) نکلوانا چاہتا ہوں، ایسی صورت میں میری فیملی کا ویزا اسٹیٹس کیا رہے گا؟ کیا ان کا خودکار طریقے سے فائنل ایگزٹ لگ سکتا ہے؟۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے مذکورہ شخص کی پریشانی دور کردی اور کہا سعودی قوانین کے تحت جب سربراہ خانہ کا خروج نہائی لگتا ہے تو سسٹم میں زیر کفالت کا بھی خروج نہائی لگ جاتا ہے۔
جوازات نے بتایا کہ اہل خانہ(بیوی، بچے) سربراہ کی زیرکفالت ہوتے ہیں اس لیے اگر وہ فائنل ایگزٹ پر جائیں تو ان کا بھی خروج ونہائی لگ جائے گا۔
خیال رہے کہ قوانین کے مطابق اگر کوئی غیرملکی(گھر کا سربراہ ہو یا ملازم) خروج وعودہ پر سعودی عرب سے جائے تو اس کا فائنل ایگزٹ نہیں لگے گا۔ اسی طرح بیرون ملک مقیم اہل خانہ کا ویزا بھی خروج ونہائی پر تبدیل نہیں کیا جاسکتا اس کے لیے سربراہ کو خود کا بھی فائنل ایگزٹ لگانا پڑے گا۔