لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تیز رفتار ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے فیروزپورروڈ پرمزنگ کے قریب بھوسے سے بھرا ٹرک حادثے کا شکارہوگیا، ڈرائیوار سمیت 2 افراد حادثے میں زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے دونوں افراد کو طبی امداد کے لیے سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے ہیلپر کا کہنا ہے کہ ٹرک کا ایکسل ٹوٹ جانے کے باعث ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد فیروز پور روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی تھی جسے بعد ازاں بحال کردیا گیا۔
گوجرہ میں ٹریفک حادثہ‘ 2 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ 16 ستمبرکو فیصل آباد سے گوجرہ کی طرف آتے ہوئے موٹروے پر منی ٹرک اور ہیوی ٹرالر کے درمیان تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں منی ٹرک کا ڈرائیور اور ہیلپر جاں بحق ہوگئے تھے۔
کار اور ٹرک میں تصادم، ایک خاندان کے 7 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹرک اور کار کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد جان کی بازی ہارگئے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں دو معصوم بچے بھی شامل تھے۔