ام القوین: متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القوین میں کنٹینر ایک منی بس پر جا گرا، جس کے نتیجے میں پاکستانی ڈرائیور دب کر جاں بحق ہوگیا۔
اماراتی میڈیا کے مطابق ام القوین کی مصروف شاہراہ پر خوفناک حادثہ پیش آیا، ٹرک پر رکھا کنٹینر تواز برقرار نہ رکھ سکا اور منی بس پر جا گرا۔
بھاری برقم کنٹینر گرنے سے منی بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس میں سوار پاکستانی ڈرائیور دب کر جان کی بازی ہار گیا جب کہ اس کا سری لنکن ساتھی شدید زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ایمرجنسی نمبر پر کال موصول ہوئی تو طبی ٹیمیں اور مقامی پولیس کو فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کیا گیا، میڈیکل ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہی ڈرائیور دم توڑ چکا تھا جب کہ دوسرے شخص کو شدید زخمی حالت میں نکالا گیا۔
پولیس کے مطابق لاش اور زخمی ہو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی شناخت کی گئی، زخمی کی حالت تشویشناک ہے اور ڈاکٹرز جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ ٹرک ڈرائیور کے خلاف درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم فوری طور پر کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔