ماسکو / ریاض: سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی 2021 کے دوران روسی ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، دو روز قبل ایک فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بھی ریس کے دوران حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہوچکا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق رواں برس سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی 2021 کے دوران روسی ٹرک ایک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔
اطلاعات کے مطابق روسی کاماز ماسٹر ٹیم کا ٹرک جسے ڈرائیور انتون شیبلوف چلا رہے تھے، ڈاکار ریلی میراتھن کے منتظمین کے ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔ روسی میڈیا کے مطابق میراتھن کے بارہویں مرحلے کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
وہاں موجود افراد کی جانب سے واقعے کی ویڈیو بھی بنا لی گئی۔
روسی ٹیم کے پریس اتاچی ایرک خیرالن نے میڈیا کو بتایا کہ ریس کے دوران جب ٹرک تیز رفتاری سے اسپرنگ بورڈ پر اچھلا تو اس نے ہیلی کاپٹر کے ایک سرے کو انتہائی قریب سے چھو لیا، ہیلی کاپٹر انتہائی نچلی پرواز کر رہا تھا۔
خوش قسمتی سے ٹرک کے انتہائی معمولی ٹکرانے سے اور ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی حاضر دماغی سے کوئی بڑا حادثہ رونما ہونے سے بال بال بچ گیا، اس حادثے کے نتیجے میں ٹرک کے انٹیک کو معمولی نقصان پہنچا۔
دو روز قبل ڈاکار ریلی میں ایک فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بھی ہلاک ہوچکا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بیار شربان ساتویں راؤنڈ کے دوران حادثے سے دو چار ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہوا۔ موٹر سائیکل سوار کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے جدہ سے فرانس لے جایا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
سعودی وزارت کھیل اور ڈاکار ریلی کی انتظامیہ نے موٹر سائیکلسٹ کے اہل خانہ سے تقزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔