امریکا کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شاندار کامیابی کے بعد خاتون اول میلانیا ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ آزادی کا تحفظ کرے گی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی خاتون اول نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کی جیت کے بعد لوگوں نے انہیں آزادی کے تحفظ کا کام سونپا ہے۔
میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ ان آزادیوں کا دفاع کرے گی جو ”ہماری جمہوریہ کا دل ہیں ”۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکیوں کی اکثریت نے ہمیں یہ اہم ذمہ داری سونپی ہے۔
میلانیا نے کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ ہمارے ملک کے شہری ایک دوسرے کے ساتھ اپنی وابستگی میں دوبارہ شامل ہوجائیں گے، اور ذاتی آزادی، معاشی خوشحالی اور سلامتی کے لئے نظریے سے بالاتر ہو کر آگے بڑھیں گے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ کے بیٹے بیرن نے 2024 کے انتخابات میں پہلی بار ووٹ کاسٹ کیا ہے، انہوں نے ووٹ ڈالتے ہوئے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس پر اُن کا کہنا تھا کہ پہلی بار ووٹ دیا – اپنے والد کے لئے اور ہیش ٹیگ تھا 18 سال۔
دوسری جانب ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے صدارتی انتخاب میں واضح اکثریت سے کامیابی کی ہے، جبکہ اب اُنہوں نے روسی صدر پیوٹن سے گفتگو کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد سے 70 عالمی رہنماؤں سے بات ہوئی ہے۔
سوزی سمرل وائلز وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف نامزد
اُنہوں نے کہا کہ ابھی تک روسی صدر سے بات نہیں کی لیکن ان سے بات کرنے کا ارادہ ہے۔