واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی میں مرکزی کردار ادا کرنے کی بات دہرا دی۔
ریاست آئیوا میں امریکا کے ڈھائی سو سالہ یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوائی، پاکستان اور بھارت دونوں کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں دونوں کے درمیان نیوکلیئر جنگ شروع ہوجاتی جسے ہم نے روکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوسوو اور سربیا کو لڑنے سے روکا، کانگو روانڈا جنگ بند کرائی، سب دیکھیں گے کہ ایک اسکول کے پروفیسر کو امن کا نوبیل انعام دے دیا جائے گا جسے آپ جانتے بھی نہیں ہوں گے۔
پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان آج پھر رابطہ ہوگا
خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکی جنگی طیاروں نے 37 گھنٹے پرواز کر کے ایرانی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنایا، دنیا جانتی ہے ہمارے پاس دنیا کی بہترین فوج اور ہتھیار ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ظہران ممدانی ڈی فنڈنگ پولیس کے نعرے کا حامی ہے، ظہران ممدانی کمیونسٹ ہے، انارکی اور آمریت لانا چاہتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بارڈر محفوظ ہے اور غیر قانونی تارکین وطن کا داخلہ مکمل بند ہے، غیرقانونی تارکین وطن کو ڈھونڈ کر ملک سے باہر نکالیں گے، امریکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیپورٹیشن پلان شروع کردیا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ بگ بگ بیوٹی فل بل کی منظوری پر ریپبلکنز ارکان کانگریس اور سینیٹرز کا شکریہ، بیوٹی فل بل کے ذریعے امریکی عوام کو تاریخی ٹیکس ریلیف ملے گا۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ پاکستان اور بھارت کےدرمیان جنگ بندی کی بات ایک درجن بار دہراچکے ہیں, ہر بار یہ بات سن کر مودی سرکارسیخ پا ہوجاتی ہے اور ساتھ ہی بھارتی حزب اختلاف کانگریس کو مودی جی کا مذاق اڑانےکا پھر موقع ملا گیا ہے۔
یہاں یہ بات یاد رہے کہ 10 مئی کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ہی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔