جمعرات, جنوری 23, 2025
اشتہار

ٹرمپ اور سعودی ولی عہد میں ٹیلیفونک رابطہ، کیا معاملہ اہم رہا؟

اشتہار

حیرت انگیز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں کئی امور پر گفتگو کی گئی۔

خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق بدھ کی شب امریکی صدر اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، عالمی سیاسی حالات بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم گفتگو کا اہم مرکز معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری رہا۔

رپورٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر کو اپنے معاشی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ سعودی عرب اگلے چار برسوں میں امریکا میں اپنی تجارت اور سرمایہ کاری کو کم از کم 600 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

- Advertisement -

سعودی ولی عہد نے کہا کہ مملکت شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع میں حصہ لینے کی خواہاں ہے۔ تاہم رپورٹ میں سرمایہ کاری کے بارے میں تفصیلات نہیں دی گئیں۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کے طریقوں پر بات چیت کی اور دہشت گردی کے خلاف دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت میں پہلا غیرملکی دورہ سعودی عرب کا ہی کیا تھا اور اس وقت دونوں ممالک نے تقریباً 400 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔

اس دورے میں سعودی فرماں روا نے امریکی صدر کو سعودی عرب کے اعلٰی ترین اعزاز عبدالعزیز السعود سے نوازا تھا جب سرکاری عشائیے میں شاہ سلمان اور ڈونلڈ ٹرمپ نے ضیافت سے قبل روایتی رقص میں حصہ لیا تھا۔

ویڈیو: ٹرمپ کی دعائیہ تقریب میں اذان، تلاوتِ قرآن پاک اور دین اسلام کی تبلیغ!

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں