واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کی اربوں ڈالر امداد روک دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب تک ہارورڈ یونیورسٹی امریکی صدر کے مطالبات کو پورا نہیں کرتی، تب تک کے لیے ٹرمپ نے ہارورڈ کے لیے فنڈز کی فراہمی روک دی، سیکریٹری تعلیم لنڈا میکموہن نے یونیورسٹی کو بتایا کہ ریسرچ گرانٹس اور دیگر امداد اب فراہم نہیں کی جائے گی۔
ٹرمپ انتظامیہ نے یونیورسٹی پر واضح کر دیا کہ جو مطالبات کیے گئے ہیں ان پر عمل نہ ہوا تو یہ امداد معطل رہے گی، امریکی محکمہ تعلیم نے ہارورڈ یونیورسٹی کو اس ضمن میں باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ یونیورسٹی کی تحقیق اور دیگر امور سے متعلق اربوں ڈالر امداد منجمد کی گئی ہے۔
امریکا سے واپس جانے والے تارکین وطن کو وظیفے کی پیشکش
اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ کے مطالبات ماننے سے انکار پر ہارورڈ یونیورسٹی کی وفاقی امداد منجمد کر دی گئی تھی۔ ٹرمپ انتظامیہ اور ہارورڈ کے درمیان کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب یونیورسٹی نے حکومتی دباؤ کے باوجود دیگر یونیورسٹیوں کے برخلاف اپنے تعلیمی و انتظامی معاملات میں مداخلت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
لنڈا میکموہن نے دعویٰ کیا کہ ہارورڈ نے امریکا کے اعلیٰ تعلیمی نظام کا مذاق اڑایا ہے، اس نے غیر ملکی طلبہ کو، جو پرتشدد رویے میں ملوث ہیں اور امریکا کی توہین کرتے ہیں، اپنے کیمپس میں مدعو کیا۔