واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے اپنے جوہری پروگرام پر امریکا کے ساتھ معاہدہ نہیں کیا تو اسے بمباری اور ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق این بی سی نیوز کے ساتھ ٹیلی فون پر انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی اور ایرانی حکام اس حوالے سے آپس میں بات چیت کر رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہیں کیا تو بمباری ہوگی، اگر وہ معاہدہ نہیں کرتا تو میں اس پر ٹیرف بھی عائد کروں گا جیسا کہ میں نے چار سال پہلے بھی کیا تھا۔
2017 سے 2021 صدارتی مدت کے دوران امریکی صدر نے ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 کے معاہدے سے امریکا کو الگ کر دیا تھا جس میں پابندیوں میں نرمی کے بدلے ایران کی متنازع جوہری سرگرمیوں پر سخت پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
ایران نے اب تک ڈونلڈ ٹرمپ کی ڈیل کرنے یا فوجی نتائج کا سامنا کرنے کی وارننگ کو نظر انداز کر رکھا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی IRNA نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حوالے سے بتایا کہ ایران نے ٹرمپ کے خط کا جواب عمان کے ذریعے بھیجا جس میں اس نے تہران سے نئے جوہری معاہدے تک پہنچنے پر زور دیا تھا۔
مغربی طاقتیں ایران پر الزام لگاتی ہیں کہ وہ یورینیم کی افزودگی کے ذریعے جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت کو فروغ دینے کا خفیہ ایجنڈا رکھتا ہے، جبکہ تہران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر شہری توانائی کے مقاصد کیلیے ہے۔