واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سیز فائر پر تیار ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ‘امریکی ثالثی میں پاکستان بھارت کےرات بھرمذاکرات رہے، دونوں ممالک میں سیزفائر کا اعلان کرتے خوشی ہورہی ہے۔’
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ‘دونوں ممالک فوری سیز فائر کیلئے رضا مند ہوگئے ہیں، سیز فائر کرنے پر دونوں ممالک کا شکر گزار ہوں اور دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان اور بھارت نے سمجھ داری سے کام لیا۔’
یاد رہے آج صبح : امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا۔
جس میں امریکا کی جانب سے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے لیے تعاون کی پیش کش کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں : آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا رابطہ
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا تھا فریقین کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات کریں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا مارکو روبیو نے تعمیری بات چیت کے لیے مدد کی پیش کش کی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے فریقین سے تحمل کی اپیل کی تھی۔
آپریشن بُنۡیَانٌ مَّرْصُوْص
واضح رہے کہ پاکستان کی بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی جاری ہے، پاکستان کی جانب سے نماز فجر کے وقت آپریشن ’بُنۡیَانٌ مَّرْصُوْص‘ کا آغاز کیا گیا، آپریشن میں پاک فوج نے بھارت کے علاقے بیاس میں براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ کو تباہ کر دیا ہے۔
پاک فوج نے ادھم پور ایئربیس اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ کو ملیامیٹ کر دیا، اس کے علاوہ اڑی سیکٹر میں بھارت کے سپلائی ڈپو کو نیست و نابود کر دیا، جوابی حملے میں بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کے جی ٹاپ کو بھی تباہ کر دیا گیا، آدم پور کی ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے، جہاں سے بھارت نے امرتسر میں سکھوں، پاکستان اور افغاستان پر میزائل داغے گئے تھے