واشنگٹن: نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر بائیڈن کی جانب سے اپنے بیٹے کو معافی دینے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا سخت رد عمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بائیڈن نے بیٹے کو معافی دیکر انصاف کا قتل کیا، انہوں نے کہا کہ کیا بائیڈن 6 جنوری کے یرغمالیوں کو بھی معافی دینگے جو برسوں سے قید ہیں؟۔
نو منتخب صدر نے اپنے ردعمل میں کپیٹل حملہ کیس میں قید کئے گئے مجرموں کویرغمالی قرار دیا۔
واضح رہے کہ صدر بائیڈن نے گزشتہ روز بیٹے ہنٹر بائیڈن کومعافی دیکر جیل کی ممکنہ سزا سے بچا لیا تھا، ہنٹر بائیڈن کو اسلحہ کیس اور ٹیکس فراڈ کے جرائم پر سزا سنائے جانے کا امکان تھا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن نے متعدد مواقعوں پر بیٹے کو معافی نہ دینے کا اعلان کیا تھا، مگر اب اپنے بیٹے کومعافی دیکر بائیڈن نے اپنی اور پارٹی کی ساکھ داؤ پر لگادی ہے۔
اس سے قبل نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ 20 جنوری کی تقریب حلف برداری سے پہلے یرغمالی رہا نہ کیے گئے تو مشرق وسطیٰ کو جہنم بھگتنی ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ وہ لوگ جنہوں نے انسانیت کے خلاف ان مظالم کا ارتکاب کیا وہ قیمت ادا کریں گے۔
اسرائیل کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں، حزب اللہ کا جوابی حملہ
انہوں نے کہا کہ اس سب کے ذمہ داروں کو ایسا سبق دیا جائے گا جیسا پہلے کبھی امریکی تاریخ میں نہیں دیا گیا، یرغمالیوں کو فوری رہا کیا جائے۔