واشنگٹن : امریکاپر بھاری ٹیکس عائد کرنے پرصدرڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کوتنبیہ کرتے ہوئے کہا حالیہ دنوں میں ٹیکسوں میں مزید اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کئی سالوں سے امریکی مصنوعات پر زیادہ ٹیرف عائد کر رہا ہے، اس معاملے پر بھارتی وزیراعظم مودی سے بات کروں گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی درآمدات پر بھارتی ٹیرف ناقابل قبول ہے، بھارت اسے واپس لے۔
I look forward to speaking with Prime Minister Modi about the fact that India, for years having put very high Tariffs against the United States, just recently increased the Tariffs even further. This is unacceptable and the Tariffs must be withdrawn!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) June 27, 2019
خیال رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ پیغام ایسے وقت میں جاری کیا ہے کہ جب سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو بھارت کے دورے پر نئی دہلی میں موجود ہیں جہاں ان کی اعلیٰ حکومتی و ریاستی حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں۔ مائیک پومپیو طے شدہ شیڈول کے مطابق نئی دہلی ہی سے جاپان کے شہر اوساکا کے لیے روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر اور بھارتی وزیراعظم جاپان میں جی 20 اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں دونوں رہنماؤں کی سائیڈ لائن ملاقات بھی طے ہے۔
دلچسپ امر ہے کہ امریکہ کی یہی تجارتی چپقلش چین کے ساتھ بھی جاری ہے، عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کی تجارتی اشیا پر بھاری ٹیرف عائد کررہے ہیں جس سے درآمدات اور برآمدات متاثر ہورہی ہیں جو تلخی کا سبب بن رہی ہیں۔