واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے خلاف دو ایگزیکٹو حکم نامے جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کے جاری کردہ ایگزیکٹو حکم ناموں میں کہا گیا ہے کہ کوئی امریکی کمپنی ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے ساتھ کام نہیں کر سکتی۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو حکم نامے قومی سلامتی کے پیش نظر جاری کیے گئے ہیں، ٹک ٹاک، وی چیٹ اب امریکا میں ایپل اور گوگل ایپ پر دستیاب نہیں ہوں گے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، آج کے حکم نامے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان موبائل ایپس کے ذریعے کارپوریٹ جاسوسی ہو رہی ہے، ٹک ٹاک سے امریکیوں کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق امریکی صدر کا بڑا اعلان
حکم نامے کے مطابق امریکی سرکاری ملازمین اور کنٹریکٹرز کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ٹرمپ کے ایگزیکٹو حکم نامے پر 45 کے اندر عمل درآمد ہوگا۔
خیال رہے کہ ہفتے کو امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ملک میں جلد ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دیں گے، اس سے قبل بھی متعدد بار ٹرمپ انتظامیہ امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کا عندیہ دے چکی تھی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم حالات سے متعلق دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے، البتہ امریکا میں ٹک ٹاک کے حوالے سے بہت سارے متبادل ایپس تلاش کر رہے ہیں جس سے صارفین مستفید ہوسکتے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں ٹک ٹاک صارفین کی تعداد 65 سے 80 ملین ہے۔