نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیش قیمت پرفیوم لانچ کیا ہے اور اس کی تشہیر کے لیے انہوں نے اپنی اور موجودہ صدر بائیڈن کی اہلیہ کی تصویر استعمال کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے فائٹ، فائٹ، فائٹ کے نام سے پرفیوم کی ایک سیریز لانچ کی ہے۔ ایک پرفیوم کی قیمت 199 ڈالرز یعنی پاکستانی 55 ہزار روپے سے زائد ہوگی۔
پرفیوم کی یہ رینج خواتین اور مردوں کے لیے ہےاور اس کی مارکیٹنگ دھوم دھام سے جاری ہے۔
اسی تشہیر کے دوران ایک تصویر سامنے آئی ہے۔ اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی خاتون اوّل کے ہمراہ بیٹھے ہیں اور ان کے سخت سیاسی حریف صدر جوبائیڈن کی اہلیہ جَل بائیڈن، ٹرمپ کی جانب دیکھ رہی ہیں۔
اس تصویر کے ساتھ لکھا گیا کیپشن Enemies Can’t Resisst ’’دشمن بھی پگھلے بغیر نہیں رہ سکتا‘‘ بھی لوگوں کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
تاہم پرفیوم اور ان کے ڈبوں پر اور پوسٹرز پر یہ تصویر استعمال نہیں کی گئی۔
جوبائیڈن کے حامیوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم نے یہ تصویر سوشل میڈیا پر شرارتاً استعمال کی ہے، جس سے یقینی طور پر ٹرمپ باخبر بھی ہوں گے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل جوتے کے برانڈز بھی متعارف کرا چکے ہیں اور اس کے ایک جوڑے کی قیمت ایک لاکھ روپے سے زائد تھی۔