واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بجٹ میں بڑی کٹوتی کے باوجود دفاع اور ملکی سلامتی کے لیے 1 کھرب ڈالر اضافے کا عندیہ دے دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے بجٹ میں بڑی کٹوتی کا عندیہ دیا ہے، جو گھریلو اخراجات میں کمی کا باعث ہوگا، ٹرمپ انتظامیہ کی آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے 163 ارب ڈالر کٹوتی کی تجویز دی ہے۔
بجٹ تجاویز کے مطابق تعلیم، غیر ملکی امداد، ماحولیات، طبی تحقیق، اور دیگر پروگراموں میں کٹوتی کی جائے گی، جب کہ دوسری طرف بجٹ میں دفاع اور ملکی سلامتی کے لیے 1 کھرب ڈالر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس اقدام سے دفاعی اخراجات میں 13 فی صد اضافہ ہو کر 1 ٹریلین ڈالر ہو جائے گا، بجٹ میں سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے 175 ارب ڈالر رکھے جائیں گے، یہ بجٹ تجاویز ڈونلڈ ٹرمپ کی دفاع اور امیگریشن کے حوالے سے ترجیحات کی پیروی کا پتا دیتی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی کیخلاف ایک اور اعلان کر دیا
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ہارورڈ یونیورسٹی کو اس کی ٹیکس سے استثنیٰ کی حیثیت سے ہٹانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو آئیوی لیگ کے اسکول کے خلاف تازہ ترین اقدام ہوگا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا کہ ہم ہارورڈ کی ٹیکس استثنیٰ کی حیثیت کو ختم کرنے جا رہے ہیں یہ وہی ہے جس کے وہ مستحق ہیں۔