واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مڈ ٹرم الیکشن جیتنے کے لیے تیاری شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے نیشنل ریپبلکن کانگریشنل کمیٹی کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم مڈ ٹرم الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ پورے امریکا میں مڈ ٹرم الیکشن کے لیے انتخابی مہم کی نگرانی کریں گے، انھوں نے کہا ڈیموکریٹس کے مقابلے ریپبلکن پارٹی کی پوزیشن بہت بہتر ہے، کانگریس میں اگلی بار ڈیموکریٹس پر 100 سے زائد نشستوں کی برتری حاصل کریں گے۔
صدر امریکا نے کہا کہ ڈیموکریٹس پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے، انھوں نے ٹیرف کے حوالے سے بھی کہا کہ وہ امریکیوں پر جو بڑے پیمانے پر درآمدی ٹیکس عائد کر رہے ہیں، وہ اگلے سال کے وسط مدتی انتخابات میں ان کی ریپبلکن پارٹی کے لیے زبردست فتح کا باعث بنے گی۔
ٹیرف کی مد میں یومیہ 2 ارب ڈالر حاصل کررہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
ایک طرف جب ماہرین اقتصادیات خبردار کر رہے ہیں کہ ٹرمپ کی تجارتی جنگ سے امریکی معیشت کو نقصان پہنچے گا، ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’’مجھے واقعی لگتا ہے کہ ہمیں ٹیرف کی صورت حال سے بہت مدد ملی ہے، یہ بہت اچھا ہے۔‘‘
دوسری طرف امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہاؤس ڈیموکریٹس نے بھی کچھ اضلاع پر اپنی نگاہیں جما رکھی ہیں جن پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں کامیابی حاصل کی تھی، ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی نے منگل کو اعلان کیا کہ ان کا ہدف ریپبلکنز کے زیر قبضہ ایوان کی 35 نشستیں ہیں۔
دریں اثنا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیرف کی مد میں روزانہ 2 ارب ڈالر حاصل ہو رہے ہیں۔