منگل, فروری 11, 2025
اشتہار

اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی فوٹیج دیکھ کر ٹرمپ کو کیا ہوا؟

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی فوٹیج دیکھنے کے بعد کہا کہ وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر ’’صبر‘‘ کھو رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے فوٹیج میں رہا ہونے والے اسرائیلیوں کو دیکھا تو ان کا موازنہ ہولوکاسٹ سے بچ جانے والوں سے کیا، تاہم اس موقع پر وہ یہ بھول گئے کہ جو سینکڑوں فلسطینی قیدی اسرائیل سے رہا ہو کر آ رہے ہیں، وہ کس بری حالت میں تھے، حتیٰ کہ ان میں سے کچھ کو فوراً اسپتال داخل کرنا پڑا۔

اسرائیل کے 3 یرغمالی رہائی کے بعد محض بے چین دکھائی دے رہے تھے، ان کی تصاویر دیکھنے پر ٹرمپ کا یہ ردعمل کہ وہ صبر کھو رہے ہیں، دراصل غزہ جنگ بندی معاہدے کے سلسلے میں غیر یقینی صورت حال کا سبب بن رہا ہے، جب کہ ابھی 76 یرغمالیوں کا رہا ہونا باقی ہے۔

ٹرمپ پہلے ہی فلسطینیوں کو غزہ سے نکالنے اور امریکا کا اس کا کنٹرول سنبھالنے کے عجیب متنازعہ بیانات دے چکے ہیں، جس پر عرب ممالک کی جانب سے سخت رد عمل آیا۔ اب سپر باؤل میں شرکت کے لیے نیو اورلینز جاتے ہوئے ایئر فورس ون میں سوار نامہ نگاروں کو ٹرمپ نے بتایا کہ ’’وہ ہولوکاسٹ سے بچ جانے والوں کی طرح نظر آ رہے تھے، وہ خوفناک حالت میں تھے، وہ کمزور تھے، میں نہیں جانتا کہ ہم اس میں کتنا وقت لے سکتے ہیں، کسی وقت ہم اپنا صبر کھو دیں گے۔‘‘

امریکی صدر غزہ کو خریدنے کے بیان پر قائم

ٹرمپ نے اسرائیلی یرغمالیوں کے بارے میں کہا ’’میں جانتا ہوں کہ ہمارے پاس ایک معاہدہ ہے، اور اس کے تحت وہ ایک ایک کر کے رہا ہو رہے ہیں، لیکن سچ یہ ہے کہ وہ خراب حالت میں ہیں۔‘‘

یاد رہے کہ تین اسرائیلیوں کے بدلے اسرائیل نے ہفتے کے روز 183 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔ ٹرمپ نے صحافیوں کو یہ بھی بتایا کہ فلسطینیوں کے جانے یا انکلیو سے نکالے جانے کے بعد امریکا غزہ کی ملکیت خریدنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں