جمعرات, مارچ 6, 2025
اشتہار

ڈونلڈ ٹرمپ کی زیلنسکی کی جانب سے ملنے والے خط کی تعریف

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے صدر زیلنسکی کی جانب سے امریکی صدر کو ملنے والے خط کی ٹرمپ نے تعریف کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کچھ دیر پہلے انھیں زیلنسکی کا خط ملا، انھوں نے لکھا ہے کہ یوکرین امریکا کی قیادت میں روس سے تنازع ختم کرنا چاہتا ہے۔

ولودیمیر زیلنسکی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک خط لکھا ہے جسے ٹرمپ منگل کو منظر عام پر لائے، اس خط میں یوکرینی صدر نے لکھا کہ ’’یوکرین دیرپا امن کے لیے جلد از جلد مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے تیار ہے، یوکرینیوں سے زیادہ کوئی بھی امن نہیں چاہتا۔‘‘

امریکی صدر ٹرمپ نے کانگریس سے خطاب میں بتایا تھا کہ یوکرین امن کے لیے جلد از جلد مذاکرات کی میز پر آنا چاہتا ہے، اور روس سے بھی مثبت اشارے ملے ہیں۔

واضح رہے کہ زیلنسکی نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا تھا ’’میں امریکی صدر سے معاملات ٹھیک کرنا چاہتا ہوں، ان کی مضبوط قیادت میں کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘‘ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے امریکا کی جانب سے فوجی امداد پر شکریہ ادا کیا اور کہا امریکا کے ساتھ معدنی ذخائر سے متعلق معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہوں۔

منگل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ انھیں ولودیمیر زیلنسکی کا ایک خط موصول ہوا ہے، جس میں یوکرین میں امن معاہدہ کرنے کے لیے ’مذاکرات کی میز پر آنے‘ پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ’’میں اس بات کی تعریف کرتا ہوں کہ انھوں نے یہ خط بھیجا ہے۔‘‘

امریکی صدر کے فوجی امداد بند کرنے کے بعد زیلنسکی کے ہوش ٹھکانےآگئے

ان بیانات سے پچھلے ہفتے اوول آفس میں ہونے والی دھواں دار ملاقات کے بعد ٹرمپ اور زیلنسکی کے درمیان تناؤ کو ٹھنڈا کرنے کی نشان دہی ہوتی ہے۔

ٹرمپ نے کانگریس سے خطاب میں کہا تھا ’’کیا یہ خوب صورت نہیں ہوگا؟ یہ پاگل پن کو روکنے کا وقت ہے، یہ قتل کو روکنے کا وقت ہے، یہ اس بے ہودہ جنگ کو ختم کرنے کا وقت ہے، اگر آپ جنگیں ختم کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو دونوں فریقوں سے بات کرنی ہوگی۔‘‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں