سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ریاست پینسلوینیا میں ریلی کے دوران ہونے والے قاتلانہ حملے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔
امریکی ملٹی نیشنل نیوز چینل فاکس نیوز نے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں ان لمحات کو قید کیا گیا ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ اسٹیج پر موجود ہیں اور تقریر کر رہے ہیں، کہ اچانک انھیں کان پر گولی لگتی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ تقریر کرتے کرتے اچانک گڑبڑا گئے، یہ وہ لمحہ تھا جب اچانک گولی چلی جو ٹرمپ کے دائیں کان کو چھوتے ہوئے گزر گئی۔
حملہ آور کی شناخت کرلی گئی، ایف بی آئی
ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ، عینی شاہد نے کیا دیکھا؟
سابق امریکی صدر گولی لگتے ہی جھکے اور ہاتھ کان پر رکھا، اسی لمحے اسٹیج پر سراسیمگی پھیل گئی اور ذرا دیر میں سیکیورٹی کے اہلکار متحرک ہو گئے اور انھوں نے ٹرمپ کو گھیرے میں لے لیا۔
ویڈیو کے مطابق پہلی گولی چلنے کے بعد کچھ دیر تک اسٹیج پر افراتفری کی کیفیت پھیل گئی تھی، اور اہلکار چاروں طرف الرٹ ہو گئے تھے، ایک خاتون اہلکار سمیت دیگر نے صدارتی امیدوار کو پوری طرح حصار میں لے لیا تھا۔
ٹرمپ نے بعد ازاں زخمی کان کے ساتھ ہاتھ کا مکا بنا کر سامعین کی طرف لہرایا، جس سے عزم کا اظہار ہو رہا تھا، ایسے وقت ان کے کان سے خون بہہ رہا تھا، جب کہ سیکیورٹی اہلکار انھیں اپنے حصار میں لے کر تیزی سے اسٹیج سے اتر گئے اور انھیں اسپتال پہنچایا۔