واشنگٹن: ایک طرف جب کہ ٹرمپ کی تیسری مدت صدارت کے لیے مہم چل رہی ہے، وہیں امریکی عوام اور ریپبلکنز نے ایک سروے میں اس سلسلے میں اظہار ناراضی کیا ہے۔
ریپبلکنز ووٹرز نے ایک سروے میں رائے دی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو تیسری بار الیکشن نہیں لڑنا چاہیے، جب کہ امریکی صدر نے گزشتہ ماہ انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی عوام چاہتے ہیں کہ تیسری بار صدر بنوں، یہ خیال رہے کہ امریکی آئین کے تحت کوئی شخص 2 بار سے زیادہ صدارت کے منصب پر فائز نہیں ہو سکتا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک نئے سروے سے معلوم ہوا ہے کہ بہت سے امریکی اس بات سے متفق نہیں ہیں کہ صدر ٹرمپ اپنے ایجنڈے کو زور و شور سے نافذ کرنے کے لیے جارحانہ کوششیں کرتے رہیں، یہاں تک کہ ریپبلکنز بھی اس بات پر بہت زیادہ قائل دکھائی نہیں دیتے کہ صدر کی توجہ صحیح جگہ پر ہے۔
یہ سروے ایسوسی ایٹڈ پریس کے NORC سینٹر فار پبلک افیئرز ریسرچ نے کیا ہے، جس میں دگنے امریکیوں نے رائے دی ہے کہ ٹرمپ زیادہ تر غلط ترجیحات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، ان سے نصف تعداد میں امریکیوں کا خیال تھا کہ صدر کی ترجیحات صحیح ہیں۔
پوپ کی تدفین پر زیلنسکی سے ملاقات، واپسی پر ٹرمپ نے روسی صدر کے خلاف پوسٹ کر دی
10 میں سے 4 امریکیوں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اپنی دوسری مدت میں ’’خوفناک‘‘ صدر رہے ہیں، اور تقریباً 10 میں سے 1 کا کہنا ہے کہ وہ ’’ناقص‘‘ رہے ہیں۔ اس کے برعکس 10 میں سے تقریباً 3 کا کہنا ہے کہ وہ ’’زبردست‘‘ یا ’’اچھے‘‘ رہے ہیں، جب کہ 10 میں سے صرف 2 سے کم کا کہنا ہے کہ وہ ’’اوسط‘‘ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ اسٹور نے تیسری مدت صدارت کی انتخابی مہم کے لیے تیار ہیٹ کی فروخت شروع کر دی ہے، اس سلسلے میں امریکی صدر کے بیٹے ایریک ٹرمپ کی ’ٹرمپ 2028‘ ہیٹ پہنے تصویر وائرل ہو رہی ہے۔