واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو دھمکی دی ہے کہ اگر چین نے امریکا کے خلاف کوئی اقدامات کیے تو مزید اضافی محصولات عائد کردیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ میں شدت آچکی ہے، امریکی صدر نے ایک بار پھر چین کو خبردار کیا ہے کہ ان کی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کیے جاسکتے ہیں۔
واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کے خلاف اقدامات اور امریکی محصولات پر ردعمل کی صورت پر چینی درآمدات پر 267 بلین ڈالر کے مزید اضافی ٹیکس نافذ کر دیے جائیں گے۔
گذشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو نے اپنے چینی ہم منصب سے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ملاقات کی تھی، اس دوران باہمی تنازعات کے پیش نظر سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ہی ٹرمپ کی انتظامیہ نے چینی درآمدات پر دو سو بلین ڈالر محصولات عائد کیے تھے، جس کے جواب میں چین نے امریکی درآمدات پر ساٹھ بلین ڈالر کے ٹیکس لگا دیے تھے۔
امریکا نے چینی مصنوعات پر مزید 16 ارب کے اضافی درآمدی محصولات عائد کردئیے
دوسری جانب امریکی وائٹ ہاؤس نے بھی واضح الفاظ میں کہہ چکا ہے کہ چین امریکی صدر کے ارادوں کو ہلکا مت لے، وہ اپنی تجارتی پالیسیوں پر عمل پیرا رہیں گے۔
قبل ازیں چینی وزیر خارجہ ’وانگ یی‘ نے گذشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ تجارتی جنگ کے دوران امریکا اپنے ’دماغ کو ٹھنڈا‘ رکھے اور سوچ سمجھ کر فیصلے کرے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکا کی جانب سے چین کو دبانے کے لیے جو بھی اقدامات کیے جارہے ہیں وہ کسی کام کے نہیں ہیں، چین اپنی تجارت جاری رکھے گا۔