واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پڑوسی ملک میکسیکو کی سرحد سے غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے والے تارکین وطن کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد سے غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے والے تارکین وطن کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ میکسیکو کی سرحد سے دراندازی کرنے والے امریکی فوج پر حملہ کرنے والوں پر گولیاں چلائی جائیں گی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ میکسیکو کی سرحد سے امریکا میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے افراد امریکی بارڈر پولیس پر وحشیانہ حملے کرتے ہیں، ہمیں یہ حملے ہر گز قبول نہیں اگر تارکین وطن نے پرتشدد حملے جاری رکھے تو ہمارے سپاہی ان پر فائرنگ کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میکسیکو سے ہمارے ملک میں داخل ہونے والے تارکین وطن کو کیمپوں میں ڈالا جائے گا جہاں سے انہیں واپس ان کے ملک دھکیلا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہزاروں افراد پر مشتمل تارکین وطن کا قافلہ گوئٹے مالا میں میکیسیکو کے ساتھ سرحد کے قریب جمع ہو چکا ہے جو امریکا میں داخل ہونے کا خواہاں ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا میں تارکین وطن کے کارواں کو روکنے کیلئے فوج حرکت میں آگئی
واضح رہے کہ امریکی صدر نے قافلے میں شامل ہزاروں تارکین وطن کو گینگسٹر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ گینگ ممبرز اور دیگر مجرم تارکین وطن کے روپ میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی محکمہ دفاع نے کہا تھا کہ میکسیکوسے متصل سرحد پر5 ہزارسے زائد فوج تعینات ہوگی، سرحد پرفوجیوں کواسلحہ، ہیلی کاپٹراوردیگرآلات کی فراہمی جاری ہے۔