واشنگٹن: برطانوی سفیر کم ڈیروک کی ای میلز میں وائٹ ہاؤس پر کی جانے والی تنقید کے بعد امریکی صدر نے برطانوی سفیر کے ساتھ مزید کام کرنے سے انکار کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ برطانوی سفیرکم ڈیروک انتہائی بے وقوف شخص ہیں، امریکا سر کم ڈیروک کے ساتھ مزید کام نہیں کرے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کم ڈیروک اپنے ملک، وزیراعظم تھریسامے اور بریگزٹ ڈیل کی ناکامی کے بارے میں بات کریں۔
برطانوی اخبار نے سفیر کم ڈیروک کی خفیہ ای میلز شائع کی تھیں، خفیہ ای میلز میں ٹرمپ انتظامیہ کو نااہل، انتہائی غیرموثر قرار دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: برطانوی سفیر نے ٹرمپ انتظامیہ کو ناکارہ اور غیرمحفوظ قرار دے دیا
واضح رہے کہ برطانوی سفیر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران پالیسی کو غیرمربوط اور خلفشار کا شکار قرار دیا لیکن امریکی صدر کو مکمل طور پر نظرانداز نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا، ای میل میں امریکی صدر کا کیریئر بے عزتی کے ساتھ ختم ہونے کی پیش گوئی بھی کی گئی تھی۔
کم ڈیروک کا کہنا تھا کہ امریکی صدرکا ایران پر حملے کو 10 منٹ پہلے یہ کہہ کر روک دینا کہ صرف 150 افراد مارے جائیں گے، سمجھ سے بالاتر ہے اور وہ کبھی بھی اس کے حق میں نہیں تھے، امریکی صدر بیرونی جھگڑوں میں شامل ہونے کی اپنی انتخابی مہم کے وعدے کے خلاف نہیں جانا چاہتے ہیں۔
برطانوی سفیر کا کہنا تھا کہ بریگزٹ کے بعد جب تجارتی تعلقات بہتر ہوں گے تو برطانیہ اور امریکا کے درمیان آب و ہوا میں تبدیلی، میڈیا کی آزادی اور سزائے موت پر اختلاف سامنے آسکتے ہیں۔