لندن: غزہ پر قبضے کے خواہش مند امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسکاٹ لینڈ میں گولف ریزورٹ پر فلسطین کے حق میں چاکنگ کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین کی آزادی اور غزہ کو بچاؤ کے نعروں کی بازگشت اسکاٹ لینڈ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’ٹرن بیری گولف ریزورٹ‘ کے در و دیوار تک بھی پہنچ گئی۔
ٹرمپ کے گولف ریزورٹ پر آزادئ فلسطین کے حق میں نعروں کی چاکنگ کی گئی ہے، غزہ پر قبضے کے مخالفین نے امریکی صدر کے گولف ریزورٹ پر نعرے لکھے اور کارٹون بنائے۔
سرخ رنگ سے کی گئی پینٹنگ اور وال چاکنگ کی تصویر میں فلسطین کو آزاد کرو کے مطالبات درج ہیں، وال چاکنگ میں لکھا گیا کہ غزہ برائے فروخت ہرگز نہیں، یہ نعرے گولف کے ہولز کے ساتھ بھی تحریر کیے گئے۔
لندن : فلسطینی پرچم تھامے نوجوان بگ بین ٹاور پر چڑھ گیا ویڈیو وائرل
فلسطین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم فلسطینی ایکشن نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ٹرمپ نے غزہ کو ایک نجی جائیداد کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی، لیکن انھیں خبر ہونی چاہیے کہ ان کی اپنی جائیداد تک بھی لوگ پہنچ سکتے ہیں۔