واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کو بغیر کسی عدالتی کارروائی کے فوری طور پر ملک بدر کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ امریکا کو تارکین وطن کے دھاوے کا سامنا ہے، انہوں نے تارکین وطن سے متعلق موجودہ پالیسیوں کو سیکیورٹی کے لیے ضرر رساں شمار کرتے ہوئے ڈیموکریٹس پر زور دیا کہ وہ تارکین وطن سے متعلق حالیہ قوانین کی اصلاح کے لیے تعاون کریں۔
امریکی صدر کے مطابق ہجرت کے ارادے سے آنے والے بچوں کی اکثریت اپنے خاندانوں کے بغیر ہوتی ہے، ٹرمپ نے کہا کہ ہماری امیگریشن پالیسی دنیا میں ایک مذاق ہے، یہ ہر اس شخص کے لیے غیر منصفانہ ہے جو نظام کے ساتھ قانونی طریقے سے چل کر کئی برس تک اپنی باری کا انتظار کرتا ہے۔
We cannot allow all of these people to invade our Country. When somebody comes in, we must immediately, with no Judges or Court Cases, bring them back from where they came. Our system is a mockery to good immigration policy and Law and Order. Most children come without parents…
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) June 24, 2018
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے چند روز قبل ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت امریکا میں غیر قانونی طور پر آنے والے خاندانوں کو علیحدہ نہیں کیا جائے گا بلکہ بچوں کو والدین کے ساتھ ہی حراستی مراکز میں رکھا جائے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں خاندانوں کو علیحدہ ہوتا ہوا دیکھنا اچھا نہیں لگتا تاہم غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے امریکا آنے والوں کے لیے عدم برداشت کی پالیسی جاری رکھی جائے گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کی انتظامیہ اُن والدین کے خلاف قانونی اقدامات کا سلسلہ روک دے گی جو اپنے بچوں کے ساتھ غیر قانونی طریقے سے امریکا میں داخل ہوئے۔