واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ کو سپریم کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا ہے، اکثریتی فیصلے میں ٹرمپ انتظامیہ کا اساتذہ فنڈنگ روکنے کا اختیار تسلیم کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سپریم کورٹ نے جمعہ کو ٹرمپ انتظامیہ کو اساتذہ کی تربیت کے لیے محکمہ تعلیم کی گرانٹس کو ختم کرنے کی اجازت دے دی، سپریم کورٹ کے 5 ججز نے ٹرمپ انتظامیہ کا اختیار تسلیم کرنے کے حق اور 4 نے مخالفت میں فیصلہ دیا۔
چار پانچ کے اس فیصلے نے میساچوسٹس کے جج کے اس فیصلے کو روک دیا ہے، جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ گرانٹس کو ختم کرنے میں درست قانونی طریقہ کار پر عمل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اساتذہ کی تربیت کے لیے شروع کیے گئے پروگرام میں تقریباً 65 ملین ڈالر کی گرانٹ کی ادائیگیاں باقی ہیں۔
ویڈیو: ٹرمپ نے اپنی تصویر والے 5 ملین ڈالر مالیت کے گولڈن کارڈ کی رونمائی کر دی
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے بھی فیصلے سے اختلاف کیا، فیصلے کے تحت ٹرمپ انتظامیہ اساتذہ کے پروگرام کی فنڈنگ روک سکتی ہے، یہ فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سپریم کورٹ میں ان کے دوسرے دور میں پہلی جیت ہے۔
پانچ ووٹوں کے ساتھ عدالت میں قدامت پسندوں ججز اکثریت میں تھے، جب کہ چیف جسٹس جان رابرٹس نے اختلاف رائے میں 3 لبرل ججز کا ساتھ دیا، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی عدالت کے جج کے پاس یہ اختیار نہیں تھا کہ وہ وفاقی قانون کے تحت فنڈز کی ادائیگی کا حکم دے۔
واضح رہے کہ ایگزیکٹو آرڈرز کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کو 150 سے زائد مقدمات کا سامنا ہے۔