واشنگٹن: امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تین بڑے تجارتی شراکت داروں میکسیکو، کینیڈا اور چین کو نئے ٹیکسز کی دھمکی دے دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میکسیکو، کینیڈا اور چین امریکا میں غیر قانونی امیگریشن اور نشہ آور دوا فینٹینل کے بہاؤ کو روکنے کے لیے تسلی بخش کام نہیں کر رہے ہیں۔
ٹروتھ سوشل پر ٹرمپ نے کہا کہ محصولات اس وقت تک لاگو ہوں گے جب تک کہ میکسیکو اور کینیڈا منشیات کے بہاؤ اور غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے مزید کچھ نہیں کرتے، کیوں کہ ہزاروں لوگ اس سے گزر کر آ رہے ہیں۔
تاہم ماہرین اقتصادیات نے خبردار کیا ہے کہ اگر ٹرمپ نے اپنے اس فیصلے پر عمل کیا تو الیکٹرانکس سے لے کر کاروں اور ایندھن تک ہر چیز پر امریکیوں کو زیادہ ادائیگی کرنا پڑے گی، نیشنل ٹیکس پیئرز یونین کے رہنما برینڈن آرنلڈ نے کہا ’’ہم ٹیکس میں بڑے پیمانے پر اضافے کی بات کر رہے ہیں، جس سے امریکی کاروبار اور امریکی صارفین بری طرح متاثر ہوں گے۔‘‘
نیشنل ٹیکس پیرز یونین نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا ’’اگر ہم میکسیکو اور کینیڈا پر 25 فی صد ٹیرف لگا دیں گے تو وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے، بلکہ وہ ہماری کمپنیوں پر حملہ کریں گے۔‘‘
ٹرمپ کا امریکی فوج میں موجود ٹرانس جینڈرز سے متعلق بڑا اعلان متوقع
واضح رہے کہ ٹرمپ کی دھمکی پر میکسیکو کے صدر نے جوابی حملہ کرنے کا وعدہ کیا، اور امریکی اشیا پر محصولات کی دھمکی دی اور کہا کہ میکسیکو سرحدی گزرگاہوں پر کریک ڈاؤن کرے گا۔