منگل, اپریل 8, 2025
اشتہار

صدر ٹرمپ نے چین پر ایک اور ٹیرف لگانے کی دھمکی دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے جوابی ٹیرف کے بعد سیخ پا ہوگئے، حالیہ اقدام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چین پر مزید ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر چین نے منگل تک امریکی مصنوعات پر 34 فیصد ڈیوٹی واپس نہ لی تو جواب میں چین سے درآمدات پر مزید پچاس فیصد ٹیرف لگا دوں گا۔

اس کے علاوہ امریکی صدر نے چین سے تمام مجوزہ بات چیت ختم کرنے کی بھی دھمکی دے ڈالی۔ امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹ نک نے ٹیرف مؤخر کرنے کی افواہوں کی تردید کردتے ہوئے کہا کہ عائد کردہ ٹیرف ہر صورت نافذ رہیں گے۔

ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ چین اس سے قبل بھی ریکارڈ ٹیرف، غیر مالیاتی ٹیرف، غیر قانونی سبسڈیز اور دیگر حربے استعمال کررہا ہے اور اب اس نے مزید 34 فیصد جوابی ٹیرف بھی عائد کردیا ہے جو قابل قبول نہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ مذاکرات ختم کر دیے جائیں گے،جبکہ دیگر ممالک کے ساتھ بات چیت کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چین نے امریکی ٹیرف کے بعد امریکا کو بھرپور جواب دیا ہے، اس نے نہ صرف امریکی مصنوعات پر 34 ٹیرف عائد کیا بلکہ 11امریکی کمپنیوں پر بھی چین میں کاروباری پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں ’غیر معتبر اداروں‘ کی فہرست میں بھی شامل کردیا۔

اس کے علاوہ چین نے 7 اقسام کی اہم معدنیات کی برآمدات پر بھی پابندی لگادی، جن میں گیڈولینیم اور یٹریئم بھی شامل ہیں جو طبی آلات اور الیکٹرانکس آلات کی تیاری میں انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔

اس کے علاوہ چین کے کسٹمز حکام نے امریکی چکن کی درآمد پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ چین کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کا اطلاق 10 اپریل سے ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں