واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی قرارداد ویٹو کردی جس میں سعودی عرب کو اسلحہ فروخت نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت روکنے کی قرارداد ویٹو کردی جس کے بعد اربوں ڈالر کا اسلحہ سعودی عرب اور عرب امارات کو فروخت کرنے کی راہ ہموار ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کانگریس نے عرب ممالک کو اسلحہ فروخت کرنے کے خلاف تین قراردادیں پاس کی تھیں، اراکین کانگریس عرب ممالک کو اسلحہ فروخت کرنے کے سخت مخالف ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناہے کہ کانگرنس کی قرارداد خطے میں امریکی اثرورسوخ متاثر کرسکتی ہے۔ اسی تناظر میں ٹرمپ نے قرارداد ویٹو کی۔
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے بھی صدر ٹرمپ کی حمایت کردی، ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف سعودی عرب کو اسلحے کی فراہمی ناگزیر ہے۔
امریکی کانگریس میں سعودیہ کو اسلحہ فروخت کرنے کے خلاف قرار داد منظور
ارکان کانگیس نے موقف اختیار کیا ہے کہ اسلحے کی فروخت خطے میں بحالی امن کی کوشش کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 8 جولائی کو امریکی کانگریس نے سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کرنے کے خلاف قرارداد منظور کی تھی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو آٹھ اعشاریہ 1 ارب ڈالر کا اسلحہ دینے کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں وائٹ ہاؤس ذرایع نے پہلے ہی خبر دے دی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کانگریس کی سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کے خلاف قرارداد کو ویٹو کردیں گے۔