واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں زندگیاں بچانا چاہتے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق کیرولین لیویٹ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ اسرائیلی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور غزہ میں جنگ کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
کیرولین لیویٹ نے کہا کہ اس جنگ کے دوران اسرائیل اور غزہ دونوں سے آنے والی تصاویر کو دیکھ کر دل دہل جاتا ہے، امریکی صدر اس جنگ کو ختم ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں، وہ لوگوں کی جان بچانا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’نیتن یاہو غزہ جنگ بندی مذاکرات کو ناکام بنا رہا ہے‘
واضح رہے کہ آئندہ ہفتے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو امریکا کا دورہ کریں گے جہاں ان کی ملاقات صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگی، ملاقات کے دوران غزہ جنگ بندی کا معاملہ زیرِ غور آنے کا امکان ہے۔
اسرائیل کے اسٹریٹجک امور کے وزیر رون ڈرمر جو کہ نیتن یاہو کے قریبی اتحادی ہیں اس ہفتے غزہ میں جنگ بندی، ایران اور دیگر معاملات پر سینئر حکام کے ساتھ بات چیت کیلیے واشنگٹن ڈی سی میں موجود ہیں۔
پچھلے دنوں ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ اُمید ہے غزہ میں آئندہ ہفتے تک جنگ بندی نافذ ہو جائے گی۔